دعا-کی-فضیلت | AlheSunnat

لبیک یارسول اللہﷺ
0

دعا کی اہمیت

یہ ایک ایسی عظیم الشان عبادت ہے جس کی عظمت و فضیلت پر بکثرت آیات کریمہ اور احادیث طیبہ وارد ہیں۔ دعا کی فضیلت اور اہمیت کا اندازہ قرآن پاک کی ان آیات اور احادیث سے آپ بخوبی لگا سکتے ہیں۔

وَ قَالَ رَبُّكُمُ ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَهَنَّمَ دٰخِرِیْنَ(60)

 

ترجمہ: اور تمہارے رب نے فرمایا مجھ سے دعا کرو میں تمہاری دعا قبول کروں گا بیشک وہ جو میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں عنقریب ذلیل ہو کرجہنم میں جائیں گے۔ (1)

 

 

اُجِیْبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ اِذَا دَعَانِۙ-فَلْیَسْتَجِیْبُوْا لِیْ وَ لْیُؤْمِنُوْا بِیْ لَعَلَّهُمْ یَرْشُدُوْنَ

 

ترجمہ: میں دعا کرنے والے کی دعا قبول کرتا ہوں جب وہ مجھ سے دعا کرے تو انہیں چاہئے کہ میرا حکم مانیں اور مجھ پر ایمان لائیں تاکہ ہدایت پائیں۔ (2)

دعا کی فضیلت پر احادیث

یہ نبی کریم ﷺ کے چند ارشادات ہیں جو دعا کی فضیلت و اہمیت پر مبنی ہیں:

اللہ پاک کے نزدیک کوئی چیز دعا سے بزرگ تر نہیں۔ (3)

دعا مصیبت و بلا کو اترنے نہیں دیتی۔ (4)

دعا مسلمانوں کا ہتھیار، دین کا ستون اور آسمان و زمین کا نور ہے۔ (5)

دعا کرنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ (6)

دعا عبادت کا مغز ہے۔ (7)

اللہ پاک دعا کرنے والے کے ساتھ ہوتا ہے۔ (8)

دعا بلا کو ٹال دیتی ہے۔ (9)

جو بلا اتر چکی اور جو نہیں اتری، دعا ان سے نفع دیتی ہے۔ (10)

دعا رحمت کی چابی ہے۔(11)

دعا قضا کو ٹال دیتی ہے۔(12)

جسے دعا کرنے کی توفیق دی گئی اس کے لئے رحمت کے دروزے کھول دیے گئے۔(13)

دعا کے آداب

  • اولاً دعا مانگنے میں اخلاص ہو۔
  • دعا مانگتے وقت دل دعا کے علاوہ کسی اور چیز کی طرف مشغول نہ ہو۔
  • ناجائز و گناہ کی دعا نہ مانگی جائے۔
  • دعا مانگنے والا اللہ پاک کی رحمت پر یقین رکھتا ہو۔
  • اگر دعا کی قبولیت ظاہر نہ ہو تو وہ شکایت نہ کرے کہ میں نے دعا مانگی لیکن وہ قبول نہ ہوئی۔

ان آداب کے ساتھ جب دعا کی جاتی ہے تو وہ قبول ہوتی ہے۔ لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ دعا کے قبول ہونے کا اصل معنیٰ بندے کی پکار پر اللہ پاک کا اسے”لبیک عبدی“ فرمانا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ جو مانگا وہ مل جائے بلکہ مانگنے پر کچھ ملنے کا ظہور دوسری صورتوں میں بھی ہو سکتا ہے۔

مثلاً اس دعا کے مطابق گناہ معاف کر دیے جائیں یا آخرت میں اس کے لئے ثواب ذخیرہ کر دیا جائے یا اصل مانگی ہوئی شے کی جگہ اس سے بہتر چیز عطا کر دی جائے یا اس دعا میں مانگی ہوئی چیز بندے کی زیادہ ضرورت کے وقت تک مؤخر کر دی جائے۔ دعا مانگ کر نتیجہ اللہ پاک کے ذمہ کرم پر چھوڑ دینا چاہیے کہ رحمٰن و رحیم خدا ہمارے ساتھ وہی معاملہ فرمائے جو ہمارے حق میں بہتر ہے۔

جامع دعائیں

دعا جامع مانگنی چاہئے۔ نبی کریم ﷺ کی دعائیں بہت جامع ہیں۔ ان میں سے کچھ اپنے لئے منتخب کر لیں تو بہت عمدہ ہے۔ ایک جامع دعا یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اے اللہ ! مجھے ایمان و تقویٰ، صحت و عافیت، خوشیوں اور خوشحالیوں والی لمبی زندگی عطا فرما۔

جان، مال، عزت اور اہلِ خانہ کے حوالے سے برے وقت اور آزمائش سے محفوظ فرما۔ عافیت کے ساتھ ایمان پر خاتمہ، نزع میں آسانی، قبر و جہنم کے عذاب سے حفاظت، محشر کی گھبراہٹ سے امن اور جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ عطا فرما۔ یہ سب دعائیں میرے ماں باپ، بیوی بچوں اور بہن بھائیوں کے حق میں بھی قبول فرما۔ آمین ثم آمین 

Post a Comment

0Comments

Please Support Us, Share Website With your Family, For making Muslim Strength Strong.

Post a Comment (0)